بھارت-کینیڈا تعلقات میں بہتری کی کوشش، نئے ہائی کمشنرز مقرر
بھارت اور کینیڈا کے تعلقات میں بتدریج بہتری آ رہی ہے اور دونوں ممالک نے اپنے نئے ہائی کمشنرز کی تقرری کا اعلان کر دیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق دونوں ملکوں کے تعلقات اُس وقت شدید کشیدہ ہو گئے تھے جب سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا الزام بھارت پر عائد کیا تھا۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے اعلان کیا ہے کہ کرسٹوفر کوٹر بھارت میں کینیڈا کے نئے ہائی کمشنر ہوں گے۔ دوسری جانب بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق بھارت جلد ہی اسپین میں تعینات اپنے موجودہ سفیر دینیش پٹنائک کو کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں ہائی کمشنر مقرر کرے گا۔
یہ پیش رفت اُس پس منظر میں سامنے آئی ہے جب جون 2023 میں برٹش کولمبیا کے شہر سری میں ایک گردوارے کے باہر ہردیپ سنگھ نجر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ وہ بھارت میں پیدا ہونے والے کینیڈین شہری اور خالصتان تحریک سے وابستہ تھے۔ اس واقعے کے بعد کینیڈین پولیس نے نئی دہلی حکومت پر قتل میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا اور مزید شواہد بھی حاصل کیے تھے جن کے مطابق بھارتی ایجنٹس کینیڈین شہریوں کے خلاف کارروائیوں میں ملوث پائے گئے۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری جون 2025 میں دیکھنے میں آئی، جب کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو البرٹا میں ہونے والے جی-7 اجلاس میں مدعو کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں نے سفارتی تعلقات کی مکمل بحالی پر اتفاق کیا۔
0 Comments