سندھ حکومت کا بڑا اعلان: "سیلاب سے نمٹنے کے تمام انتظامات مکمل ہیں" – شرجیل میمن




کراچی (نیوز ڈیسک) – صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سندھ حکومت نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کرلی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبے کے عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں اور متاثرہ علاقوں کے لیے کشتیوں سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کردی گئی ہے۔


وزیراعلیٰ کی براہِ راست نگرانی


کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم کردہ کنٹرول سیل کے ذریعے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو بھی اعلیٰ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ تمام اراکینِ اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں میں موجود رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔


 

شرجیل میمن نے کہا کہ 2010 کے تباہ کن سیلاب کے بعد صوبائی حکومت نے کئی جامع اقدامات کیے تھے، جن کی وجہ سے آج حکومت کے پاس ہنگامی حالات سے بہتر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اس بار کے انتظامات پچھلے تجربات سے زیادہ مؤثر ہیں۔


پنجاب کے ساتھ اظہارِ یکجہتی


سینئر وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب میں آنے والے سیلابی ریلے سے جو تباہی ہوئی ہے، سندھ حکومت اس دکھ کی گھڑی میں پنجاب کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔




ڈیمز پر صوبوں کے تحفظات


شرجیل میمن نے بتایا کہ ڈیم بنانے کے معاملے پر تین صوبائی اسمبلیاں اپنی قراردادوں کے ذریعے تحفظات کا اظہار کرچکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ڈیم قدرتی آفات کو مکمل طور پر نہیں روک سکتے، لیکن اصل ضرورت یہ ہے کہ قدرتی گزرگاہوں پر غیرقانونی آبادیاں اور ہاؤسنگ سوسائٹیاں قائم کرنے سے گریز کیا جائے۔



Post a Comment

0 Comments