شارجہ میں پاک ، افغان شائقین کیلئے الگ انکلوژر اور راستے مقرر
پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کے درمیان تین ملکی کرکٹ سیریز کا آغاز آج سے شارجہ میں ہو رہا ہے۔
ماضی کے ناخوشگوار واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے، شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے شائقین کے لیے الگ انکلوژر اور علیحدہ راستے مختص کیے گئے ہیں۔
میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے شائقین کے لیے علیحدہ راستے اور ٹکٹس کے رنگ بھی مختلف ہوں گے۔ افغان شائقین کو نیلے رنگ کا ٹکٹ دیا جائے گا، جبکہ پاکستان کے شائقین کو ہرے رنگ کا ٹکٹ ملے گا۔ اس کے علاوہ، دونوں ٹیموں کے لیے الگ الگ اسٹینڈز اور پویلینز بھی مخصوص کیے گئے ہیں۔
سہ ملکی سیریز کا افتتاحی میچ آج افغانستان اور پاکستان کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے کھیلا جائے گا، جس میں دونوں ٹیموں کے شائقین کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔
دوسری جانب افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے شائقین سے درخواست کی ہے کہ وہ 2022 جیسی ناخوشگوار صورتحال کو دوبارہ نہ دہرائیں اور شارجہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچ کو پرامن انداز میں دیکھیں۔

0 Comments